کاروار:22 /ڈسمبر (ایس او نیوز)ملک بھر میں قومی و ریاستی شاہراہوں کے 500میٹر احاطہ کے شہر اور گاؤں کے تمام شراب دکانوں کو بندکرنے سپریم کورٹ نے جو اہم فیصلہ صادر کیا ہے اس کے تحت ضلع کے تمام تعلقہ جات کے مرکزی مقام پر موجود شراب کی دکانوں کو مارچ کے بعد نکال باہر کرنے کی ایکسائز محکمہ کے کمشنر منجوناتھ نائک کی طرف سے اطلاع موصول ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کو شہر کے ایکسائز دفترمیں ضلع کے بار مالکان کے ساتھ ہوئی ملاقات میں کہا گیا کہ مارچ کے بعد جن شراب خانہ کے مالکان نےجون تک رقم ادا کی ہے اس میں سے تین مہینوں کی رقم واپس لوٹائی جائے گی۔اس طرح سپریم کورٹ کا آرڈر شہراور گاؤں پر اطلاق نہیں ہونے کا جواندیشہ لگایاجارہا تھا وہ اب ختم ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع کے 11تعلقہ جات کے مراکز شہروں میں ایک بھی شراب کی دکان باقی نہیں رہے گی۔ ایکسائز محکمہ نے متعلقہ آرڈ ر کااطلاق ہونے والی 120شراب دکانوں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ کاروار شہر کے شاہراہ کنارے کے تمام شراب خانے اور وائن شاپ آدھے کلومیٹر کے فاصلے کے احاطے میں ہی ہیں۔ اسی طرح کاروار ۔ الکل ریاستی شاہراہ بھی شہر کے درمیان سے گزرتی ہے جس کے نتیجے میں یہ مانا جارہاہے کہ کاروار شہر میں کوئی بھی بار یا وائن شاپ باقی نہیں رہیں گے اور آرڈر کے تحت تمام شراب خانے بند کردئیے جائیں گے۔
اس بات کی بھی خبر دی گئی ہے کہ قومی شاہراہ کو فورلین میں منتقل کئے جانے کا کا م منصوبے کے تحت ہی جاری رہاتو کمٹہ میں ایک بھی شراب کی دکان نہیں رہے گی۔ ہوناور، بھٹکل ، سداپور، سرسی ، منڈگوڈ ، یلاپور ، ہلیال ، ڈانڈیلی ، جوئیڈا ، رام نگر میں بھی بار اور وائن شاپ بند ہوجائیں گے۔ اس سے قبل 20ہزار آبادی سے زائد شہروں کو ریاستی حکومت نے رعایت دی تھی لیکن اب سپریم کورٹ کا آرڈر ہونے کے نتیجےمیں ریاستی رعایت کو لاگو نہیں کئے جانے کی بات کہی جارہی ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے سے پریشان بار اور وائن شاپ مالکان گنجان آبادی والے دیہی علاقوں اور سیاحتی مقامات کے اندرونی جگہوں کی تلاش میں ہیں ، اور متعلقہ مقامات پر ہوٹل سمیت بار یا وائن شاپ شروع کرنےکے منصوبے پر غور کرنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
شاہراہ کنارے کی شراب دکانوں کے فاصلہ کی پیمائش
قومی و ریاستی شاہراہ کنارے کے شراب دکانوں کو بند کرنےکے سلسلے میں سپریم کورٹ کا آرڈر جاری ہونےکے پس منظر میں 19ڈسمبر کو منعقدہ ایکسائز افسران کی میٹنگ میں تمام افسران کو شاہراہ کنارے شراب دکانوں کے فاصلے کی پیمائش کرنے کے لئے حکم جاری کئے جانے کی اطلاع ایکسائز کمشنر منجوناتھ نایک نے دی۔ منگل کو اترکنڑا ضلع کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ غیرقانونی شراب کو روکنے کے متعلق ضلعی افسران کے ساتھ میٹنگ کی ۔ بدھ کو انموڑ جانچ تھانہ کے معائنہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے قومی و ریاستی شاہراہ کنارے پر 500میٹر کے احاطے میں قائم شراب دکانوں کو بند کرنے کے لئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو آرڈر دیاہے۔ جس کے سلسلے میں 19ڈسمبر کو بنگلورو میں میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں تمام شراب دکانوں کا شاہراہ کنارے سے فاصلے کی پیمائش کرنےکو کہا گیاہے۔ ریاست کے تمام اضلاع سے رپورٹ لینےکے بعد مناسب اقدامات کرنے کی بات کہی۔ اترکنڑا ضلع میں غیر قانونی شراب کی سپلائی کو روکنے کےلئے ایکسائز محکمہ سرگرم ہے ، محکمہ پر سوال اٹھانا صحیح نہیں ہونے کی بات کہی۔ عملہ کی قلت کے باوجود ممکنہ کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ خاص کر سمندر ، ریل کے ذریعے جو غیرقانونی شراب سپلائی کی جارہی ہے ، اس کی روک تھام صرف ایکسائز محکمہ سے نہیں ہوگی بلکہ محکمہ پولس ، ساحلی محافظ دستہ، ریلوے پولس ، کوسٹ گارڈ کا تعاون ضروری ہونے کی بات کہی۔